15 جون 2009 - 19:30

ایرانی قونصل جنرل : پاکستان میں توانائی کے بحران میں کمی ایران سے کیئے گئے توانائی کے معاہدوں پر عملدرآمد سے ممکن ہے۔

لوڈ شیڈنگ سے پریشان عوام کیلئے خوشخبری ہے کہ کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مسعود محمد زمانی کاکہنا ہے کہ ایران پاکستان کو گیارہ سو میگاواٹ بجلی فراہم کرنے پر تیار ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں شہری ضلع کونسل کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ایرانی قونصل جنرل نے کراچی سٹی کونسل سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران میں کمی ایران سے کیئے گئے توانائی کے معاہدوں پر عملدرآمد سے ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران گوادرمیں35میگاواٹ بجلی فراہم کررہاہے اور پاکستان میں توانائی کے بحران کے حل کیلئے مزید گیا رہ سو میگا واٹ بجلی فراہم کرنے پر تیار ہے۔ کراچی کی ضلع کونسل سے اپنے خطاب میں ایرانی قونصل جنرل نے کراچی کی شہری حکومت کی کارکردگی کو بھی سراہا۔انہوں کہا کہ پاک ایران تعلقات کو مضبوط رشتے میں استوار کرنے کے لیے دونوں ممالک کی سطح پر وفود کا تبا دلہ ہونا چاہیے ۔اس موقع پر شہری ضلع کونسل کراچی کے حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے بھی خطاب کیا اورحالیہ دنوں ایران میں ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا۔